حافظ ساجد رسول(بیورو چیف یورونیوز اردو،سینٹرل پنجاب) پاکستانی نژاد امریکی سافٹ ویئر آرکٹیچر انجینئر سجاد طارق کمبوہ نے پاکستان میں اداروں کو رجسٹر سسٹم سے کمپیوٹرائزڈ نظام پر منتقل کرنے کی حکومتی کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے تمام اداروں کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا عمل شروع کر کے چور بازاری کا راستہ روکا ہے۔ نادرا اور پاسپورٹ کی آن لائن سروسز کی بدولت اوورسیز پاکستانیوں کو ان کی دہلیز پر سہولت میسر آئی ہے۔ روشن ڈجیٹل اکاؤنٹ کے اجرا سے سمندر پار پاکستانیوں کو بڑی سہولت میسر آئی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں افسر شاہی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں دفتری کارروائیوں میں نہ الجھایا جائے تو وہ اپنے وطن میں بھر پور سرمایہ کاری کریں گے۔ اوورسیز پاکستانی ملک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انہیں سہولت فراہم کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
