esa

یورپی خلائی ایجنسی میں بھرتی شروع،26نئے خلا بازوں کی تلاش

برسلز(یورو نیوز اردو)یورپی خلائی ادارے ای ایس اے نے مستقبل کے خلا بازوں کی نئی بھرتیاں شروع کر دی ہیں۔ اس ادارے کو مستقبل کے اپنے خلائی مشنوں کے ارکان کے طور پر چھبیس نئے خلا بازوں کی تلاش ہے۔

یورپی خلائی ایجنسی (ای ایس اے) کی طرف سے بدھ اکتیس مارچ کو شروع کیے گئے نئی بھرتیوں کے عمل میں اس ایجنسی کو اپنے لیے نا صرف آئندہ خلائی عملے کی تلاش ہے بلکہ ساتھ ہی یہ ادارہ اپنے لیے زیادہ تنوع کی کوشش میں بھی ہے۔

خود کو ممکنہ طور پر اس بھرتی کے لیے موزوں امیدوار سمجھنے والے افراد اس ادارے کو اپنی باقاعدہ درخواستیں اس پتے پر آن لائن بھیج سکتے ہیں: https://www.esa.int/About_Us/Careers_at_ESA/ESA_Astronaut_Selection۔ یہ گزشتہ ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصے میں پہلا موقع ہے کہ ای ایس اے نے یورپی ممالک سے اپنے لیے خلا بازوں کی بھرتی شروع کی ہے۔

اس بارے میں یورپی خلائی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ژان ووئرنر نے نئی ریکروٹمنٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا، ”ہمارے لیے اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ای ایس اے کے ‌آئندہ خلائی مشنوں کے لیے نئے خلا باز بھرتی کریں۔ مجھے یقین ہے کہ ہم مقررہ تعداد میں بہترین امیدواروں کا انتخاب کرنے میں کامیاب رہیں گے۔‘‘

انتخاب کا عمل ڈیڑھ سال پر محیط

 نئے خلا بازوں کی بھرتی کے اس عمل کے دوران مجموعی طور پر اس ادارے کے رکن ممالک سے 26 خلا باز منتخب کیے جائیں گے۔ ان میں سے چار سے لے کر چھ تک خلا باز مستقل کیریئر خلا باز ہوں گے جبکہ باقی ماندہ 20 مختلف خلائی مشنوں کے وہ ریزرو ارکان ہوں گے، جنہیں کسی بھی وقت ضرورت پڑنے پر خلا میں بھیجا جا سکے گا۔

ژان ووئرنر نے بتایا کہ درخواست دہندگان میں سے دو درجن سے زائد کامیاب امیدواروں کے انتخاب کا عمل چھ مراحل پر مشتمل ہو گا، جو 18 ماہ کے عرصے میں اکتوبر 2022ء میں مکمل ہو گا۔

اس بارے میں ای ایس اے کے انسانی وسائل اور روبوٹک ایکسپلوریشن کے ڈائریکٹر ڈیوڈ پارکر نے کہا کہ منتخب کردہ 26 خلا بازوں میں سے 20 ایسے ریزور خلا باز ہوں گے، جنہیں کسی خاص مشن کے لیے اور ضرورت پڑنے پر اسی طرح خلا میں بھیجا جائے گا، جیسے کسی بھی ملک کی مسلح افواج میں ریزرو فوجیوں کی خدمات کو استعمال میں لایا جاتا ہے۔

تنوع کی کوشش

یورپی خلائی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ووئرنر کے مطابق اس یورپی ادارے کے لیے اس کے عملے میں پایا جانے والا تنوع کوئی بوجھ نہیں بلکہ ایک اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ خاص طور پر خواتین کی بھی حوصلہ افزائی کرے گا کہ وہ بھی درخواستیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ چناؤ کے عمل کے دوران کسی بھی امیدوار کی جنس، مذہب، نسل یا عمر بالکل غیر اہم عوامل ہوں گے۔

About azhar farooq

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

x

Check Also

شدید سیلاب اور شدید ترین ڈینگی کا حملہ

ڈاکٹر عبدالرحمان شاہد (جرمنی) موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب سے ...

%d bloggers like this: