شہزادہ فلپ کی آخری رسومات 17 اپریل کو ادا کی جائیں گی

کورونا وائرس کی پابندیوں کے باعث صرف 30 افراد ہی ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں شریک ہو سکیں گے

ملکہ الزبتھ دوئم کے شوہر شہزادہ فلپ کا جمعے کے روز 99 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا اور اب شاہی محل بکھنگم پیلس نے اعلان کیا ہے کہ ڈیوک آف ایڈنبرا کی آخری رسومات اگلے سنیچر یعنی 17 اپریل کو برطانوی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے ونڈزر کے سینٹ جارج چیپل میں ادا کی جائیں گی۔شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں شریک ہونے والے صرف 30 افراد کی فہرست جمعرات کو جاری کی جائے گی تاہم یہ توقع ہے کہ ان میں ڈیوک آف ایڈنبرا کے بچے، پوتے، پوتیاں، نواسے اور نواسیاں ہی شامل ہوں گے۔

ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری امریکہ سے وطن واپس پہنچیں گے اور شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں شاہی خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ شرکت کریں گے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ وہ کورونا پابندیوں کے پیش نظر ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کریں گے۔شہزادہ فلپ کی آخری رسومات سے قبل ملک بھر میں آٹھ روز تک قومی سوگ منایا جائے گا اور ان کی آخری رسومات ایک شہزادے کی موت پر ہونے والی بڑی ریاستی تقریب کے بجائے ایک رسمی تقریب میں ادا کی جائیں گی جبکہ شاہی خاندان دو ہفتے تک سوگ منائے گا۔

برطانیہ کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس آٹھ روزہ سوگ کے دوران اور شہزادہ فلپ کی تدفین کے ایک روز بعد بھی تمام سرکاری عمارتوں پر یونین اور قومی پرچم نصف بلندی پر لہرائیں گے۔ ان شاہی عمارتوں پر جہاں ملکہ رہائش پزیر نہیں ہیں وہاں بھی نصف مستول پر یونین پرچم لہرائيں گے۔

البتہ جس شاہی عمارت میں ملکہ خود موجود ہوں، وہاں بادشاہت کی خود مختاری اور تسلسل کی نمائندگی کرنے والا رائل سٹینڈرڈ یعنی شاہی نشان کبھی بھی نصف مستول پر نہیں بلکہ پورے مستول پر لہرایا جاتا ہے۔

آخری رسومات کے دن شہزادہ فلپ کے تابوت کو دعائیہ تقریب کے لیے کچھ فاصلے پر موجود سینٹ جارج چیپل لے جایا جائے گا۔ ونڈزر کاسل سے ان کا جسد ’خاکی سینٹ جارج چیپل ایک خصوصی طور پر تیار کردہ لینڈ روور میں لے جایا جائے گا۔ اس لینڈ روور کو ڈیزائن کرنے میں خود شہزادہ فلپ نے مدد کی تھی۔

اس دوران فوجی بندوقوں کی سلامی دی جائے گی جس میں آٹھ منٹ کا وقت لگے گا اور کرفیو بیل بھی بجائی جائے گی۔

آٹھ جنازہ بردار ان کے تابوت کو اٹھائیں گے، شہزادہ فلپ کے تابوت کو ان کی شان و شوکت کے مطابق تیار کیا جائے گا اور ڈیوک کی نیول کیپ اور تلوار کو اس کے اوپر رکھا جائے گا۔ چیپل میں ان کے تابوت کا استقبال ڈین آف ونڈزر اور آرک بشپ آف کینٹبری کریں گے۔

پرنس آف ویلز سمیت شاہی خاندان کے اراکین ان کے جنازے کے پیچھے چلیں گے اور ملکہ برطانیہ الگ سے چیپل جائیں گی۔

شہزادہ فلپ کی آخری رسومات کے بعد ان کی تدفین چیپل کے شاہی والٹ میں کی جائے گی۔عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ صحت عامہ کے مشوروں کے مطابق تدفین کی کسی بھی تقریب میں شرکت کی کوشش نہ کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

x

Check Also

دبئی مینا بازار, dubai mena bazar

دبئی:مینا بازار میں ابوماجد فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل کی تیسری برانچ کا افتتاح

دبئی(نمائندہ خصوصی)دبئی میں پاکستانی کاروباری حضرات قدم جمانے لگے۔مینا بازار میں سبزی اور فروٹ مارکیٹ ...

%d bloggers like this: